محکمہ موسمیات نے اگست کا موسمیاتی جائزہ جاری کر دیا جس کے مطابق 19 اگست ملک میں سب سے زیادہ بارش برسنے والا دن رہا۔
جاری کردہ جائزہ رپورٹ کے مطابق اگست 2022ء میں بارش معمول سے بہت زیادہ رہی اور ملک میں 243 فیصد معمول سے زائد بارش ہوئی، 1961ء کے بعد سے حالیہ اگست سب سے زیادہ بارشوں والا مہینہ رہا۔
رپورٹ کے مطابق 19 اگست ملک میں سب سے زیادہ بارش برسنے والا دن رہا، اس دن پڈعیدن میں 355 ملی بارش ہوئی جبکہ پڈعیدن میں اگست کے دوران 1228.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اگست میں برسنے والی بارش مون سون سیزن کی بارش سے بھی 37 فیصد زائد رہی، اگست میں بلوچستان میں 590 فیصد معمول سے زائد بارشیں ہوئیں، سندھ میں 726 فیصد معمول سے زائد بارش ہوئی۔
گلگت بلتستان میں معمول کی اوسط سے 233 فیصد زائد بارش ہوئی، گلگت بلتستان میں یہ 1962 کے بعد دوسرا زائد بارشوں والا مہینہ رہا۔ اسی طرح پنجاب میں معمول کی اوسط سے 58 فیصد زائد بارشیں ہوئیں، خیبر پختون خوا میں 52 فیصد معمول سے زائد بارشیں ہوئیں، آزاد جموں و کشمیر میں معمول سے 3 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔
بارش برسانے والے دنوں کی تعداد ملک میں اور خاص کر سندھ اور بلوچستان بھی معمول سے زائد رہی۔