لِنگ کوڈ مچھلی کی ایک قسم بیرونی طور پر نیلی ہوتی ہے لیکن اس کا گوشت بھی نیلا ہوتا ہے جو ایک سائنسی معمہ بن چکا ہے۔ فوٹوفائل
سڈنی: شمالی امریکا کے مغربی ساحلوں پر ایک بڑی مچھلی پائی جاتی ہے جسے’لِنگ کوڈ‘ کہتے ہیں جس کی کل پانچ مختلف اقسام ہیں۔ چار لِنگ کوڈ کی رنگت اور اندرونی گوشت معمول کی رنگت والا ہوتا ہے۔ یعنی مچھلی باہر سے بھوری یا کتھئی مائل سرمئی ہوتی ہے جبکہ گوشت سفیدی مائل سرخ ہوتا ہے لیکن ایک قسم اندر اور باہر سے گہری نیلی رنگت رکھتی ہے۔
پانی کی گہرائی میں پائی جانے والی لِنگ کوڈ اپنے ذائقے کےوجہ سے بہت مشہور ہے۔ چھوٹے جانوروں کو شکار کرنے والی یہ مچھلی ہر اس جانور کو ہڑپ کرجاتی ہے جو اس کے منہ میں سما سکے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی لمبائی 152 سینٹی میٹر تک جا پہنچتی ہے۔ تاہم اس کی ایک قسم کی رنگت شوخ نیلی ہوتی ہے اور اس کا گوشت بھی اسی رنگ کا ہوتا ہے۔ یہ معمہ اب تک سائنسداں حل نہیں کرسکے ہیں۔
2016 میں آسٹریلوی بحری ماہر آرون گیلووے کو پہلی مرتبہ یہ مچھلی نظر آئی جسے انہوں نے پکرا اور کاٹنے پر معلوم ہوا کہ یہ اندر اور باہر دونوں جگہ سے ہی نیلی ہے۔ لیکن اس غیرمعمولی وجہ کی کوئی تفصیل سامنے نہیں آسکی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس معاملے پر سنجیدہ تحقیق نہیں کی گئی ہے۔
اگرچہ ماہرین یہ ضرور جانتے ہیں کہ لِنگ کوڈ کی ظاہری نیلی رنگت ایک قدرتی رنگدار کیمیکل (پِگمنٹ) کی وجہ سے ہے جسے ’بائلیورڈِن‘ کہا جاتا ہے لیکن نیلے گوشت کا معاملہ اب تک تحقیق طلب ہے۔ پھر آرون نے امریکا اور دیگر خطوں میں پکڑی جانے والے 2000 سے زائد لِنگ کوڈ کا سروے کیا اور تحقیقات شروع کیں۔
ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا کہ نر کی بجائے مادہ مچھلیوں میں نیلاہٹ زیادہ ہوتی ہے۔ پھر مچھلی جتنی چھوٹی ہوگی اس میں نیلا رنگ اتنا ہی غائب ہوگا تاہم اس کی شرح بھی بہت کم ہے یعنی 4 سے 25 فیصد تک مچھلیوں کا گوشت ہی نیلا ہوتا ہے۔ لیکن اب بھی بڑا سوال اپنی جگہ ہے کہ آخر اس نیلاہٹ کی وجہ ہے کیا؟
اب تک ماہرین کا خیال ہے کہ 80 فیصد مادہ لِنگ کوڈ نیلی ہوتی ہیں اور صرف 20 فیصد نر میں آسمانی رنگ غالب ہوتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ جو مچھلیاں کم گہرے پانی میں رہتی ہیں اور شاید نیلا رنگ انہیں سورج کی الٹراوائلٹ شعاعوں سےبچاتا ہے دوسرا خیال یہ ہےکہ مادہ کچھ ایسی غذائیں کھارہی ہیں جن سے گوشت تک نیلا ہورہا ہے۔ لیکن سنجیدہ سائنسداں دونوں وضاحتوں سے مطمئین نہیں ہوپارہے۔
تاہم اس کا نیلا گوشت پکاتے وقت دوبارہ معمول کی رنگت اختیار کر لیتا ہے۔