پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کے سینیئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم عدم اعتماد کے ذریعے حکومت میں آئی، ان کے پاس نمبر ہیں تو عدم اعتماد لے آئیں، حکومت مدت پوری کرے گی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کی قول و فعل میں تضاد ہے، انہیں شرم آنی چاہیے، چیئرمین نیب عمران خان کے دفتر میں بیٹھا ہوتا تھا، چیئرمین نیب پریشر برداشت نہیں کرسکتے تھے تو عہدہ چھوڑ دیتے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب سے وعدہ ہے ان کے گریبان میں ہاتھ ڈالوں گا، کسی کے خلاف ظلم ہوگا تو حکومت جواب دہ ہوگی، اگر ہماری حکومت میں ظلم ہو رہا ہے تو اس کا ازالہ ہونا چاہیے، کیس ختم کرنا نیب کا کام ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب چیئرمین کی اخلاقی ذمے داری ہے کہ سب کے کیسز ریویو کرے، کیس ختم کرنے کی درخواست نہیں دی نہ ہی دوں گا، یہ نیب کی ذمے داری ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تاریخ ان لوگوں سے جواب مانگے گی، نوازشریف کو تاحیات نااہل قرار دے دیا، سیاست سے باہر کردیا۔
انہوں نے سوال کیا کہ آج ملک کو استحکام کی ضرورت ہے، کیا جلدی الیکشن پاکستان کے مسائل کا حل ہے؟