قطر میں ہونے والا فیفا ورلڈکپ 2022 ارجنٹینا کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، فائنل میں میسی کی ٹیم نے دفاعی چیمپئن فرانس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی ککس پر شکست دی۔
پہلی بار عرب دنیا میں فٹ بال ورلڈ کپ کا انعقاد ہوا،ایونٹ شروع ہونے سے پہلے قطر پر جتنے تحفظات ظاہر کیے گئے ، قطر کی میزبانی اس سے کہیں زيادہ اچھی اور معیاری ثابت ہوئی۔
شاندار میزبانی کرنے پر قطر نے فٹبال مداحوں کے دل جیت لیے ، 8 اسٹيڈیمز میں لاکھوں غیر ملکی شائقین نے قطر آکر میچ دیکھا ، دنیا نے قطر کی تعریفوں کے پل باندھ دیے ۔
قطر میں فٹبال ورلڈکپ 2022 کے دوران اسٹیڈیمز کے اندر یا اردگرد الکحل سے بنے مشروبات کی فروخت پر پابندی عائد تھی۔
واضح رہے کہ اتوار کو قطر کے شہر لوسیل کے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا فائنل مقررہ وقت میں میچ 2-2 سے جبکہ اضافی وقت میں 3-3 سے برابر ہوا تاہم میچ کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا، ارجنٹینا نے 2-4 سے کامیابی حاصل کی۔
ارجنٹینا نے فرانس کو شکست دے کر تیسری بار ورلڈکپ جیتا۔