آپ کسی بھی بیماری سے جلد موت کے خطرے کو اپنی غذا کے ذریعے نمایاں حد تک کم کرسکتے ہیں۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
ہارورڈ ٹی ایچ چن اسکول آف پبلک ہیلتھ کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ صحت کے لیے فائدہ مند غذائی عادات کو اپنانے سے کسی بھی بیماری سے جلد موت کا خطرہ 20 فیصد تک کم کرنا ممکن ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ سے زیادہ سالم اناج (Whole Grain)، پھلوں، سبزیوں، گریوں، پھلیوں اور دالوں کے استعمال سے کینسر، دل کی شریانوں کے امراض، نظام تنفس اور دماغی امراض سے موت کا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔
اس تحقیق میں 44 ہزار مرد اور 75 ہزار خواتین کو شامل کیا گیا اور ان کی صحت کا جائزہ 36 سال سے زائد عرصے تک لیا گیا۔
تحقیق کے آغاز کے وقت کوئی بھی فرد دل کی شریانوں کے امراض کا شکار نہیں تھا جبکہ ہر 4 سال بعد ان سے غذائی عادات کے حوالے سے سوالنامے بھروائے گئے۔
محققین نے بتایا کہ یہ ایک طویل ترین عرصے تک چلنے والی تحقیق ہے جس میں غذائی عادات سے صحت پر مرتب اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
ہر فرد کی غذائی عادات کا جائزہ لینے کے بعد انہیں 5 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
محققین نے بتایا کہ صحت کے لیے بہترین غذاؤں کا استعمال کسی بھی وجہ سے جلد موت کا خطرہ 20 فیصد تک کم کردیتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ وقت کے ساتھ غذائی عادات کو بہتر بناکر بھی مخصوص دائمی امراض سے موت کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اپنی غذا سے صحت کو بہتر بنانے والے افراد میں دل کی شریانوں کے امراض سے موت کا خطرہ 6 سے 13 فیصد تک کم ہوجاتا ہے، کینسر سے موت کا خطرہ 7 سے 18 فیصد تک گھٹ جاتا ہے جبکہ دماغی تنزلی کے امراض سے موت کا خطرہ 7 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق صحت بخش غذا سے نظام تنفس کے امراض سے موت کا خطرہ 35 سے 46 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
محققین نے کہا کہ اس طویل المعیاد تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ صحت کے لیے مفید غذائی عادات کو کسی بھی عمر میں اپنا کر فائدہ اٹھانا ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پھلوں اور سبزیوں سمیت نباتاتی غذاؤں کے زیادہ استعمال جبکہ سرخ اور پراسیس گوشت، چینی اور نمک کے کم استعمال کو یقینی بنانا مختلف امراض سے تحفظ فراہم کرکے جلد موت کا خطرہ کم کرتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل جاما انٹرنل میڈیسین میں شائع ہوئے۔