یقیناً آپ بھی ہرسال 31 دسمبر کی رات کو آنے والے سال کے لیے کچھ عہد ( New Year’s Resolutions) کرتے ہوں گے، جس میں کچھ افراد کا مقصد نئے سال میں زیادہ پیسے کمانا، نئی اسکل سیکھنا،گھومنا، اچھی نوکری حاصل کرنا وغیرہ ہوتا ہے۔
لیکن دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ سال نو سے قبل کیے گئے عہد پر عمل کچھ دن ہی کیا جاتا ہے جس کے بعد پورا سال گزارتے ہیں اور پھر سال ختم ہونے پر مقاصد پورے نہ ہونے پر اُداس ہوتے ہیں۔
کہتے ہیں جان ہے تو جہان ہے، اگر ہم سال نو پر اپنی صحت کے حوالے سے کچھ عہد کریں تو خیال ہے کہ زندگی میں کچھ حاصل ہو یا نہ ہو ان پر عمل کرکے آپ اپنی عمر بڑھا سکتے ہیں۔
آج ہم آپ کو کچھ ایسے سال نو کے عہد بتائیں گے جنہیں پورا کرنے سے سے آپ کی عمر بڑھ سکتی ہے۔
اگر آپ نے 2023 میں یہ تین عادتیں ( جو نیچے درج ذیل) ہیں اپنی زندگی کا حصہ بنالیں تو آپ کے ذہنی تناؤ میں کمی ، بہتر نیند، قوت مدافعت میں اضافے کے ساتھ دماغی صلاحیت میں یقیناً اضافہ ہوگا۔
1: ورزش

ڈاکٹروں کے مطابق اگر آپ اپنے زندگی کو بڑھانا اور صحت مند گزارنا چاہتے ہیں تو اس کا آسان حل یہ ہے کہ آپ روزانہ ورزش کریں۔
اس بات کو امریکی مرکزِ صحت کے اعدادوں شمار نے بھی ثابت کیا ہے، وہ لوگ جو پورے ہفتے میں تقریباً مجموعی طور پر 150 منٹ ورزش میں گزارتے ہیں ان میں ورزش نہ کرنے والے افراد کے مقابلے میں موت کا خطرہ 33 فیصد کم ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر آپ پورے ہفتے میں مجموعی طور پر 150 سے 300 منٹ ورزش کرتے ہیں تو کچھ ماہ میں آپ کو بلڈ پریشر، دل اور پھیپھڑوں کے نظام میں بہتری محسوس ہوگی۔
2: غذا میں سبزیوں اور پھلوں کا استعمال

2022 کی ایک تحقیق کے مطابق اگر آپ اپنی غذا میں سبزی، پھل، گوشت کا استعمال کریں تو آپ اپنی زندگی کو مزید 13 سال بڑھا سکتے ہیں۔
صحت مند غذا کھانے سے بھی شوگر،کولیسٹرول اور دیگر جان لیوا بیماریوں سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔ اس لیے اس سال آپ اپنی غذا میں سبزیوں ، پھلوں ،دالوں کا استعمال کریں اور صحت مند زندگی گزاریں۔
3: پرسکون نیند

آپ نے تو ورزش اور اچھی غذا کو منتخب کرلیا پر اس کے بعد آپ کی جسم کو جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے وہ ہے پرسکون نیند۔
اپنی عمر کے مطابق آپ کو تقریباً روزانہ 7 سے 10 گھنٹےرات کی نیند کرنی چاہیے،نیند کی مسلسل کمی کی وجہ سے بلڈ پریشر میں اضافہ، قوت مدافعت میں کمی ، وزن بڑھنے کا خدشہ،شوگر اور دیگر خطرناک بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔
اس لیے کوشش کریں کہ نیند پوری کریں تاکہ صحت بھی ٹھیک رہے۔