وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ہاورڈ یونیورسٹی امریکا کے طلبہ و طالبات کے گروپ نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
وزیرِاعظم نے ملاقات میں طلبہ سے غیر رسمی گفتگو کی اور پاکستان کی ترقی کیلئےاپنے وژن سے آگاہ کیا۔
وفد نے وزیرِاعظم سے ملکی معیشت، آئی ایم ایف، زراعت، صنعت اور آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں سے متعلق سوالات کیے۔ وزیرِاعظم نے وفد کےکشمیر، پاکستان کے خطے میں پائیدار امن میں کردار اورپاک چین تعلقات سے متعلق سوالات کے جوابات دیے۔
وفد نے پاکستان حکومت اور پاکستانیوں کی مہمان نوازی پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ہاورڈ یونیورسٹی کے طلبہ کے گروپ نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے موجودہ علاقائی اموراور امن و استحکام کیلئے پاک فوج کی کوششوں پر بات چیت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق طلبہ نے ملاقات اور بات چیت کا موقع دینے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔