جی ڈی ایف 15 ہارمون سے موٹاپا کم کرنے والی غیرمعمولی ادویہ بنائی جاسکتی ہے۔ فوٹو: فائل
ٹورانٹو: ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ بھوک کی کمی میں اہم کردار ادا کرنے والا ہارمون اب دوسرے ایسے کام کرسکتا ہے کہ اس سے وزن گھٹانے والی ہارمون تھراپی وضع کی جاسکتی ہے۔
مک ماسٹریونیورسٹی کے پروفیسر گریگری اسٹائنبرگ اور ان کے ساتھیوں نے جی ڈی ایف 15 ہارمون کو نئے سرے سے دیکھا ہے۔ ٹائپ ٹو ذیابیطس میں میٹافورمِن نامی دوا کھانے سے یہ ہارمون بھوک کم کرنے میں مشہور ہے۔ لیکن اب اس سے وزن گھٹانے کا مؤثرعلاج وضع کیا جاسکتا ہے۔
نیچر میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اس ہارمون کو مشہور دواؤں کے ساتھ ملاکر وزن گھٹانے کے عمل کو تیزترکیا جاسکتا ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں موٹاپا ایک ہولناک وبا بن چکا ہے۔ لگ بھگ ایک ارب افراد اس کے شکار ہیں اور فربہی خود بہت سے امراض کی وجہ بن رہی ہے۔
موٹاپے کا مرض، ذیابیطس، امراضِ قلب، فالج، بلڈ پریشر اوردیگرامراض کی وجہ بن رہا ہے۔ ماہرین نے چوہوں پرتحقیق کی ہے کہ جی ڈی ایف 15 ڈائٹنگ کے دوران میٹابولزم (استحالہ) کو سست کرتا ہے اور پٹھوں میں کیلیشیئم پراثرانداز ہوتا ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ یہ ہارمون بھوک کم کرتا ہے لیکن سب سے بڑھ کر پٹھوں اور عضلات میں توانائی کو تیزی سے صرف کرتا ہے۔
چوہوں پر تجربات سے معلوم ہوا کہ کیلوری کم کئے بغیر بھی چوہوں کا وزن کم ہوگیا کیونکہ اس میں جی ڈی ایف 15 کو سرگرم کیا گیا تھا۔ لیکن اس ضمن میں مزید تحقیق اور سائنسی مطالعے کی ضرورت ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس سے وزن کم کرنے کے نئے مؤثرطریقے سامنے آسکیں گے۔