پیرومیں دریافت ہونے والی سانپ کی ایک نئی قسم کو معروف اداکار ہیریسن فورڈ کے نام پر رکھا گیا ہے۔ فوٹو: بشکریہ لائیو سائنس
لیما، پیرو: انڈیانا جونز کے لازوال کردار سےمشہور ہونے والے ممتاز ہالی وُڈ اداکار ہیریسن فورڈ کے نام پر ایک نودریافت شدہ سانپ کا نام رکھا گیا ہے۔ یہ سانپ سائنس کی دنیا میں نیا ہے جسے ماہرِ آثار ہیرو، انڈیانا جونز کےنام پر ’ٹیکی میونوئڈز ہیریسن فورڈائی‘ کا نام دیا گیا ہے۔
سائنسدانوں نے کے مطابق ہیریسن فورڈ ایک عرصے سے قدرتی ماحول اور جنگلی حیات کے لیے آواز اٹھاتے رہے ہیں جس کے اعتراف میں سانپ کی نئی نوع کو ان کا نام دیا گیا ہے۔
’ٹیکی میونوئڈز ہیریسن فورڈائی‘ نامی سانپ مئی 2022 میں اوٹیشی نیشنل پارک کے پہاڑی جنگل سے ملا تھا جس کی کل لمبائی 40 سینٹی میٹر تک ہوتی ہے۔ اس کی دریافت اور تصدیق کا سہرا سان مارکوس یونیورسٹی کے سائنسدانوں کے سر جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق زردی مائل کتھئی سانپ پر سیاہ دھبے ہیں اور یہ بالکل نئی دریافت بھی ہے۔
اس کی دریافت کے بعد معروف فلمی ستارے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس کی اجازت دی اور خوشی کا اظہار کیا۔ ماہرین کے مطابق یہ نیا سانپ بالکل بے ضرر ہے اور مینڈکوں کو کھاتا ہے۔ اس کی تفصیلات جرمنی کے تحقیقی جریدے ، سلے مینڈرا میں شائع ہوئی ہے۔