اب سے 50 سال قبل امریکا سے تعلق رکھنے والے مارٹن کوپر نے دنیا کی پہلی موبائل فون کال کی تھی۔
94 سالہ مارٹن کوپر کو موبائل فون کا موجد تصور کیا جاتا ہے اور انہوں نے 2 اپریل 1973ء کو کال کے لیے پروٹو ٹائپ موبائل ڈیوائس کو استعمال کیا تھا۔
موبائل فونز اب ہماری زندگی کا لازمی حصہ بن چکے ہیں اور ان کے بغیر زندگی ادھوری محسوس ہوتی ہے۔
مگر موبائل فون کے موجد کونسا اسمارٹ فون کرنا پسند کرتے ہیں؟
تو یہ جان لیں کہ مارٹن کوپر آئی فون استعمال کرنا پسند کرتے ہیں، درحقیقت وہ ہر سال نیا آئی فون خریدتے ہیں جبکہ ایپل واچ بھی روزانہ استعمال کرتے ہیں۔
مگر انہیں اسمارٹ فونز ایپس کا استعمال کرنا پسند نہیں اور وہ اپنے آئی فون کو کالز کرنے، میسج بھیجنے اور آلہ سماعت کو کنٹرول کرنے کے لیے کرتے ہیں۔
مارٹن کوپر نے ڈینا ٹیک 8000 ایکس نامی پروٹو ٹائپ موبائل فون سے دنیا کی پہلی کال کی تھی۔
اس پروٹو ٹائپ ڈیوائس کی تیاری پر 10 کروڑ ڈالرز خرچ ہوئے تھے اور وہ اگلے 10 برسوں تک مارکیٹ میں متعارف نہیں ہوسکی تھی۔
جب اس فون کو 1983ء میں پیش کیا گیا تو اسے دنیا کا پہلا موبائل فون قرار دیا گیا تھا جس کا وزن ایک کلوگرام سے زیادہ تھا۔
اسے چارج کرنے کے لیے 10 گھنٹے لگتے تھے اور محض 30 منٹ تک بات کرنا ہی ممکن تھا جس کے بعد دوبارہ چارج کرنا پڑتا تھا۔
اس کی قیمت 4 ہزار ڈالرز رکھی گئی تھی جو موجودہ عہد کے 11 ہزار 500 ڈالرز (32 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کے برابر ہے۔
مگر اب مارٹن کوپر کو لگتا ہے کہ لوگ موبائل فونز کا غلط استعمال کررہے ہیں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کو سڑکوں پر اس حالت میں دیکھتے ہیں کہ ان کی نظریں صرف اسکرین پر ہوتی ہے جس سے حادثات کا خطرہ بڑھتا ہے۔
مگر ان کا ماننا ہے کہ ہر نئی نسل اسمارٹ ہو رہی ہے اور لوگ بتدریج موبائل فونز کو زیادہ مؤثر انداز سے استعمال کرنا سیکھ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موبائل فون کو ذمہ داری سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے اور اس پر زیادہ انحصار نہیں کرنا چاہیے۔