آسٹریلیا میں پیدا ہونے والی بچی اپنی غیر معمولی حالت کی وجہ سے سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آئلا سمر کی پیدائش دسمبر 2021 میں ہوئی، بچی کی پیدائش تک والدین کو یہ ہی علم تھا کہ ان کی بچی بالکل صحت مند پیدا ہوگی کیونکہ الٹرا ساؤنڈ کے وقت ایسی کسی حالت کا علم نہ ہوسکا تھا۔
آئلا کے والدین نے پیدائش کے بعد جب اسے دیکھا تو بچی کے چہرے پر مستقل مسکراہٹ دیکھ کر ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔
تاہم بعدازاں جوڑے نے بچی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا شروع کردیں اور چند ہی دنوں میں آئلا سوشل میڈیا سینسیشن بن گئی۔
آئلا کے چہرے کی اس حالت کی کیا وجہ ہے؟
دراصل یہ حالت انتہائی غیر معمولی ہے جسے بائی لیٹرل میکروسٹومیا (bilateral macrostomia) کہا جاتا ہے۔اس میں رحم کے دوران بچے کے منہ کے کونے مناسب طریقے سے آپس میں نہیں ملتے ہیں۔
2007 میں کرینیوفیشل جرنل میں شائع ہونے والے مطالعے میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں ایسے صرف 14 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اگرچہ یہ ممکن ہے کہ اس کے بعد ان کیسز میں اضافہ ہو۔
تاہم یہ حالت اتنی نایاب ہے کہ جس اسپتال میں آئلہ کی پیدائش ہوئی (فلنڈرز میڈیکل سینٹر) وہاں کے ڈاکٹرز نے پہلی بار اسے دیکھا۔