اگر آپ اکثر طیاروں میں سفر کرتے ہیں تو کیا کبھی یہ خیال آیا کہ اڑان بھرتے ہوئے (ٹیک آف) یا اترتے ہوئے (لینڈنگ) کے وقت کیبن لائٹس کو مدھم کیوں کردیا جاتا ہے؟
اس کی وجہ کافی دلچسپ ہے اور بنیادی طور پر یہ آپ کے تحفظ کے لیے کیا جاتا ہے۔
جی ہاں واقعی اڑان بھرتے ہوئے یا اترتے ہوئے طیارے کی لائٹس مدھم کرنے کی وجہ کا تعلق مسافروں کے تحفظ سے جڑا ہے۔
طیارے کی لائٹس کو مدھم کرنے کا مقصد مسافروں کی بینائی کو ہر طرح کے حالات کے لیے تیار رکھنا ہوتا ہے۔
اس طریقہ کار سے مسافروں کی بینائی کس حد تک تاریکی کے لیے تیار ہوجاتی ہے جس سے اڑان بھرتے ہوئے یا اترتے ہوئے کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس طرح مسافر کسی حادثے کے باعث چھانے والی تاریکی پر ردعمل ظاہر کرنے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔
طیارے کی کھڑکیوں کے شیڈ کو اڑان بھرنے یا اترتے وقت کھولے رکھنے کے پیچھے بھی یہی وجہ ہوتی ہے۔
پائلٹوں اور ماہرین کے مطابق اس کی ایک اور وجہ بھی ہے۔
اڑان بھرنے یا اترتے وقت طیاروں کو زیادہ سے زیادہ پاور کی ضرورت ہوتی ہے۔
کیبن لائٹس جیسے سسٹم کو مدھم کرکے بجلی کے لوڈ کو کم کیا جاتا ہے تاکہ طیارے کو اترتے ہوئے یا اڑان بھرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پاور دستیاب ہو۔