ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا سرکاری دورہ ترقی دو طرفہ تعلقات میں ’نئی جہت‘ پیدا کرے گا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز 3 روزہ سرکاری دورے پر ترکی کے دارالحکومت پہنچے ہیں اور اپریل میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ان کا ترکی کا پہلا دورہ ہے۔
آج وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ جمہوریہ ترکی کے بانی غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
دوسری جانب وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے آئندہ تین برس میں دو طرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی اہمیت کا اظہار کیا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو بھی اجاگر کیا۔ گزشتہ روز ترکی پاکستان بزنس کونسل سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ اسلام آباد انقرہ کے ساتھ دو طرفہ تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
شہباز شریف آخری دن ترک صدر سے ملاقات کریں گے جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس ہوگی۔