پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔
میچ دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں شائقین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور اسٹیڈیم کے باہر لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
بچے بوڑھے نوجوان خواتین سب نے ہی اسٹیڈیم کا رخ کیا ہے، انکلوژر میں داخلے کیلئے شائقین کو ٹکٹس کی چیکنگ کیلئے تین مرحلوں سے گزرنا پڑ رہا۔
پہلے مرحلے میں پولیس چیکنگ کرتی ہے اور اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل ٹکٹس کی تصدیق کیلئےشناختی کارڈ اور بچوں کا بے فارم چیک کیا جاتا ہے۔
شائقین کو چپس اور بسکٹ تو انکلوژر میں لے جانے کی اجازت ہے البتہ پانی کی بوتل، کولڈرنک، سگریٹ لائٹر اور ایسی اشیا جو گراؤنڈ تک تھرو کی جاسکتی ہیں وہ لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔
اسٹیڈیم کے گیٹ میچ سے تین گھنٹے قبل کھولے گئے لیکن شائقین کرکٹ چار گھنٹے پہلے سے ہی پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔