کیا آپ اس پرانی بدشکل جینز کی پینٹ خریدنا پسند کریں گے؟
اگر ہاں تو جان لیں کہ اس کی قیمت کروڑوں روپے ہے۔
جی ہاں یہ نارتھ کیرولائنا کے ساحلی علاقے میں 1857 میں ڈوب جانے والے بحری جہاز کے ایک صندوق سے نکالی گئی تھی۔
اسے دنیا کی قدیم ترین جینز کے نام سے ایک لاکھ 14 ہزار ڈالرز (2 کروڑ 56 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں نیلام کیا گیا۔
یہ بنیادی طور پر کان کنی کے دوران استعمال ہونے والی سفید پینٹ ہے جس میں زپ کی بجائے بٹنوں کا استعمال کیا گیا ہے اور اسے مجموعی طور پر 270 نوادرات کے ساتھ نیلام کیا گیا۔
ان نوادرات کو دسمبر کے شروع میں لگ بھگ 10 لاکھ ڈالرز میں نیلام کیا گیا تھا۔
ایسا مانا جاتا ہے کہ جدید عہد کی بلیو جینز کے بانی Levi Strauss سے اس پینٹ کا کوئی تعلق نہیں، کیونکہ ان کی جانب سے پہلی جینز 1873 میں تیار کی گئی تھی۔
مگر کچھ ماہرین کے خیال میں تاریخی شواہد سے دنیا کی قدیم ترین جینز کا تعلق Levi Strauss سے ثابت ہوتا ہے۔
مگر ملبوسات کی اس کمپنی کی آرکائیو ڈائریکٹر Tracey Panek کا کہنا ہے کہ پینٹ کے ماخذ کا ہر دعویٰ قیاسات پر مبنی ہے، اس پینٹ کا Levi’s سے کوئی تعلق نہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ اس کا کان کنوں کے لباس سے بھی کچھ لینا دینا نہیں۔
اب اس کی تیاری جہاں بھی ہوئی ہو مگر اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ یہ 12 ستمبر 1857 کو ڈوبنے والے جہاز سے پہلے تیار ہوئی تھی، جس کو ایک مسافر اپنے ساتھ سامان میں لے کر آیا تھا۔
اس بحری جہاز کا ملبہ 1988 میں دریافت ہوا تھا اور اس کے بعد سے کروڑوں ڈالرز کا سونا فروخت کیا جاچکا ہے، مگر اب پہلی بار نوادرات کو نیلام کیا گیا ہے۔
اس طرح کی ایک اور نیلامی فروری 2023 میں متوقع ہے۔