آپ نے شادی کے حوالے سے ایک مشہور کہاوت تو ضرور سنی ہوگی کہ جوڑے آسمان پربنتے ہیں، یہ کہاوت امریکی خلائی کمپنی سچ ثابت کرنے جارہی ہیں۔
شادی انسان کی زندگی کا سب سے خاص لمحہ ہوتا ہے اور ہر کوئی اس لمحے کو یادگار بنانا بھی چاہتا ہے۔ ہر سال شادیوں کے نئے ٹرینڈ( جس میں نئے قسم کے ملبوسات اور شادی کے مقامات) سامنے آتے ہیں۔ کوئی دریا کنارے شادی کررہا ہوتا ہے تو کوئی کسی مشہور پیلس میں جاکر اپنی شادی کو خاص بناتا ہے۔
امریکی خلائی کمپنی نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے شادیوں کے لیے ایک نیا ٹرینڈ متعارف کروایا یے ، زمین کا دور اب گیا، اب انسانوں کی شادیاں ایک لاکھ فٹ کی بلندی پر ہوں گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی خلائی کمپنی ‘اسپیس پرسپیکٹیو ‘نے شادی کرنے کے لیے ایک ناقابل یقین مقام متعارف کروایا ہے۔

یہ کمپنی جوڑوں کو ایک کاربن نیوٹرل غبارے میں خلا میں بھیجے گی، اس شاندار کاربن غبارے میں ہی وہ شادی کے بندھ میں بندھ جائیں گے، اس غبارے میں کھڑکیاں بھی موجود ہوں گی جس سے شادی شدہ جوڑا زمین کے بہترین نظاروں سے لطف اندوز ہوسکے گا۔
رپورٹس کے مطابق اس غبارے کی 6 گھنٹے کی پرواز ہوگی جس میں مسافروں کو زمین سے ایک لاکھ فٹ کی بلندی پر لے جایا جائے گا۔اس پرواز میں 8 مسافر اور ایک پائلٹ کی جگہ ہوگی۔
اسپیس پرسپیکٹیو کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق اس خصوصی پرواز کے دوران مسافروں کو شاندار کاک ٹیل، لذیز کھانے ملیں گے،آسمان سے نیچے زمین کے ناقابل یقین نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے سفر کے لیے بہترین گانوں کی پلے لسٹ بھی موجود ہوگی۔
اس کے علاوہ اس غبارے میں بیت الخلاء، وائی فائی بھی ہوگا جو مسافروں کو اپنے دوستوں اور اہل خانہ سے رابطے میں مدد دے گا۔
اگر آپ نے اس شاندار سفر کا مزہ چکھنا ہے تو آپ کو اپنی جیب کافی ڈھیلی کرنی ہوگی کیوں کہ اس خصوصی پرواز میں ایک مسافر کی ٹکٹ 3 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
کمپنی کی جانب سے اس پروگرام کو 2024 میں شروع کیے جانے کا امکان ہے، رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس پروگرام کے پہلے ہی ایک ہزار ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔
خلائی کمپنی کے شریک بانی کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگ انتظار میں ہے کہ وہ اس پروگرام کے ذریعے اپنی شادی خلا میں کریں، اب دیکھتے ہیں پہلا خوش نصیب جوڑا کون ہوگا؟