شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے اور انسانی اسمگلروں کا ساتھ دینے پر ایف آئی اے نے اپنے ہی محکمے کے کانسٹیبل کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی اے ملتان کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ساجد اکرم چوہدری کے مطابق کانسٹیبل اسد نعمان انسانی اسمگلروں کے ساتھ ملکر لوگوں کو زمینی راستے سے یورپ، ایران اور ترکی بھجوانے میں ملوث تھا۔
ساجد اکرم چوہدری کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف تحقیقات کے بعد اس کا انسانی اسمگلروں سے رابطہ ثابت ہو گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان کا کہنا ہے کہ ملزم اسد نعمان کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔